لندن (این این آئی) مایہ ناز پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے آئندہ سیزن کیلئے سمرسیٹ کائونٹی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے،بابر اعظم ورلڈ کپ2019ء کے فوری بعد کائونٹی کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے 24سالہ بابراعظم آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔بابر اعظم ورلڈ کپ کے بعد شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سمر سیٹ کائونٹی کو14 گروپ میچز اور اگر کوالیفائی کرلیا تو ایک کوارٹر فائنل کیلئے دستیاب ہوں گے، مزید میچز میں
ان کی شرکت پاکستان ٹیم کی مصروفیات سے مشروط ہو گی۔بابر اعظم نے سمرسیٹ جوائن کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔سمرسیٹ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اینڈی ہری کا کہنا ہے کہ بابر اعظم جیسے باصلاحیت کھلاڑی کے ساتھ معاہدہ بڑی خوشی کی بات ہے،وہ اعلیٰ ترین سطح پر اپنی کارکردگی کو ثابت کر چکے ہیں۔ٹی 20 بلاسٹ 18 جولائی سے شروع ہوگی اور فائنل 21 ستمبر کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔