اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ اضلاع میں بین الاقوامی اسپورٹس کیلئے انفراسٹرکچر کا ہونا بہت ضروری ہے ،ہم اسپورٹس کے فروغ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر پلے گراؤنڈز بنائیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دور ان وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے بتایا کہ اضلاع میں بین الاقوامی اسپورٹس کے لیے انفراسٹرکچر کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صوبائی معاملہ ہے۔
لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسپورٹس کے فروغ کے لیے یونین کونسل کی سطح پر پلے گراؤنڈز بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نیاز کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد کی اس وقت بری حالت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں تاریخی کرکٹ گراؤنڈ کا مسئلہ پی سی بی کے ساتھ ضرور اٹھاؤں گی۔ انہوں نے کہاکہ سپورٹس کی اضلاع میں بہتری کیلئے صوبوں سے مکمل تعاون کیلئے بھی تیار ہیں۔