لاہور(آن لائن ) پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی سب سے بڑی خامی بتا دی۔ ایک انٹر ویو کے دوران وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک اچھا کپتان ہے مگر گراؤنڈ میں اس کا غصہ بعض اوقات باؤلرزکیلئے مشکل صورتحال پیدا کر دیتا ہے اور وہ بیک فٹ پر چلے جاتے ہیں۔33سالہ پیسر کا مزید کہنا تھا کہ
ایک کرکٹر کی حیثیت سے ہر کھلاڑی ورلڈکپ میں شمولیت کی خواہش رکھتا ہے اور میرے لئے یہ بہت مایوسی کی بات ہے کہ اس سال میں میگا ایونٹ کا حصہ نہیں بنوں گا، ایک کھلاڑی ہی حیثیت سے میرا کام اچھی کارکردگی دکھانا ہے اور باقی سب سلیکٹرز کا کام ہے تاہم امید ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے اہم ترین ٹورنامنٹ کیلئے بہترین منصوبہ سازی کی ہو گی۔میں نے ہر موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی اور اگر آپ میرا ریکارڈ دیکھیں تو میں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی وکٹیں حاصل کیں جہاں کی کنڈیشنز فاسٹ باؤلرز کیلئے زیادہ سازگار نہیں ہیں۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کیلئے منتخب ہونے والے پاکستانی سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے جس کے باعث ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ میرے خیال سے تجربہ کار کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹس میں فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں اسلئے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو میگا ایونٹ میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو مزید مضبوط کرنے کیلئے سکواڈ میں عمر اکمل جیسے بلے باز کو بھی ضرور شامل کیا جانا چاہئے تھا۔ آپ کو کسی ایسے مڈل آرڈر بلے باز کی ضرورت ہے جو دباؤمیں بھی ناصرف رنز بنا سکے بلکہ میچ ختم کرنیکی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔