لاہور(این این آئی)قومی کرکٹرز نے کہاہے کہ ورلڈ کپ کیلئے پوری تیار ی کے ساتھ جارہے ہیں اور کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے ، ہر چیز ممکن اور میگا ایونٹ کا ہر میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔قذافی اسٹیڈیم میں اوپن میڈیا سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اچھا ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے انگلینڈ جا رہا ہوں، کوشش کروں گا کہ ٹیم کی جیت میں اپنا اہم کردار ادا کر سکوں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے پوری تیار ی کے ساتھ جارہے ہیں اور کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے ، ہر چیز ممکن اور میگا ایونٹ کا ہر میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ 16،17سالہ کیریئر میں اوپنر کھیلا ہوں ،اس پوزیشن پر کھیلتے ہوئے میں زیادہ بہتر محسوس کرتا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ اوورزکھیلوں تاکہ ٹیم کے لیے لمبی اننگز کھیل سکوں، موجودہ ٹیم مینجمنٹ نے مجھے چوتھی پوزیشن پر کھیلنے کے لئے کہا ہے یہ رول بھی احسن انداز میں ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میری سرجری کا ایشو آیا جس کی وجہ سے نوہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوا تاہم میری انجری بہت اچھے طریقے سے ہینڈل ہوئی، ورلڈ کپ تک مکمل طور پر فٹ ہو جاؤں گا۔ بھارتی کھلاڑی سہواگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں ان کے بیان پر جواب نہیں دینا چاہتا ہوں، سہواگ کے بیان پر ہم صرف ہنس ہی سکتے ہیں، کرکٹ کا میچ کسی سے جنگ نہیں بلکہ اس کا مطلب لوگوں کو انٹرٹین کرنا ہوتا ہے، یہ درست ہے کہ پاک بھارت میچز شائقین کے لئے بڑی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔بابر اعظم نے کہاکہ ورلڈ کپ کھیلنا خواب تھا جو پورا ہورہا ہے ، ہر میچ میں کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہم بھارت سے چمپئن ٹرافی کا فائنل جیتے ہوئے ہیں اور پر اعتماد ہیں ۔انہوں نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے موازنہ کرنے کے سوال کے جواب میں کہاکہ ویسے ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا بنتا نہیں لیکن آپ لوگ اتنا پیار کرتے ہیں تو میرے لئے مزید دعا کریں ۔فہیم اشرف نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ قومی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردا ر ادا کروں ۔باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر بھی توجہ دے رہا ہوں ۔ جنید خان نے کہاکہ ورلڈ کپ میں ٹیموں کو شکست دینے کی حکمت عملی بنارہے
ہیں ۔قومی ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ حارث سہیل نے کہاکہ ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم میں شامل ہونااعزاز کی بات ہے۔بھرپور تیاریاں جاری ہیں ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھائیں گے اور عابد علی نے کہاکہ ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم میں شامل ہونا کسی اعزازسے کم نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ فیملی اور دوستوں کی دعاؤں اور کوچز کی محنت سے یہاں تک پہنچا ہوں ۔