لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردوں کی ٹیم کی طرح خواتین کرکٹرز کے ڈیلی الاؤنس اور مراعات میں اضافہ کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دس سال میں پہلی بار پاکستانی ویمن ٹیم کے ڈیلی الاؤنس میں فی کس 35 ڈالرز کا اضافہ کر دیا گیا ہے، خواتین کرکٹ ٹیم
کے لیے پی سی بی کا وژن ہے کہ یہ ٹیم بھی دنیا کی صف اول کی ٹیم بن کر سامنے آئے۔منیجنگ ڈائر یکٹر وسیم خان نے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد خواتین کرکٹرز کے مسائل سننے کے بعد احکامات جاری کر دیئے ہیں۔جنوبی افریقا کے دورے میں پاکستانی ٹیم کے ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا ہے ،پانچ گھنٹے سے زائد کی فلائٹ میں ٹیم بزنس کلاس میں سفر میں کریگی۔پی سی بی ذرائعکے مطابق جنوبی افریقا کے دورے میں کھلاڑیوں کو یومیہ 75 ڈالرز ملیں گے، اس سے قبل ہر کھلاڑی کو 40 ڈالرز ملتے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مردوں کی ٹیم کو عام دوروں پر 114 ڈالرز ڈیلی الاونس ملتا ہے ،انگلینڈ کے دورے میں 150 ڈالرز ڈیلی الاؤنس ملتا ہے۔کراچی سے جوہانسبرگ کی فلائٹ 10 گھنٹے کی ہے، ماضی میں خواتین کھلاڑی اکانومی کلاس میں سفر کرتی تھیں، اب پانچ گھنٹے سے زائد کی فلائٹ میں کھلاڑی بزنس کلاس میں سفر کریں گی۔پی سی بی نے وعدہ کیا ہے کہ یکم جولائی سے نئے مالی سال میں کرکٹرز کے ٹریننگ کیمپ میں سہولتوں میں بھی اضافہ کر دیا جائے گا۔