لاہور( آن لائن ) بھارتی کمپنی سونی پکچرز نیٹ ورک کے زیر انتظام کام کرنے والا سپورٹس چینل ٹین سپورٹس پاکستان میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2019کے میچز نشر نہیں کر ے گا ۔ سونی کمپنی کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں آئی پی ایل میچز دکھانے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے ،حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ مودی سرکار کی جانب سے بھارت میں پی ایس ایل دکھانے پر پابندی لگانے اور بھارتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس کی
جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے بعد کیا گیا تھا۔یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ سونی انٹر ٹینمنٹ کی جانب سے بھارت بھر میں اشتہارات چلائے گئے تھے جس میں فخریہ طور پر بھارت میں پی ایس ایل دکھانے پر پابندی لگوانے میں اپنے قومی کردار کو اجاگر کیا گیا تھا،یہ واقعی میں ایک بہت بڑا دھچکا ہے تاہم ایسا نہیں کہ ہضم نہ کیا جاسکے کیو ں کہ سرکاری سپورٹس چینل پی ٹی وی سپورٹس مکمل ورلڈ کپ پاکستان میں نشر کرے گا۔