لندن (این این آئی)انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، گرین شرٹس کیساتھ ہمیں انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے پاکستان کو 30 مئی سے
شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے انتہائی مضبوط امیدوار قرار دیدیا ۔ایون مورگن نے کہاکہ بدستور پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے۔ اس وقت انگلینڈ عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے، اسے شوپیس ایونٹ کیلئے ہاٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم ورلڈ کپ سے قبل میزبان سائیڈ کی آزمائش پاکستان کے خلاف 5کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20میچ اور اس کے فوری بعدکھیلی جانے والی 5ون ڈے میچز کی باہمی سیریز میں ہوگی۔ دونوں ہی ٹیمیں اس سیریز کی بدولت ورلڈ کپ کیلئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔مورگن نے کہاکہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، ہمیں گرین شرٹس سے مقابلوں کی صورت میں حقیقت میں ایک بہت اچھی اور مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، پاکستان ورلڈ کپ کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے، اس وقت چیمپئنز ٹرافی بھی ان کے ہی پاس ہے، انھوں نے انگلینڈ میں یہ ٹرافی جیتنے کیلئے بہت ہی عمدہ کارکردگی پیش کی تھی، اس لیے ہم ان کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں۔