گلگت (این این آئی)گلگت بلتستان نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدرنثار احمد نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان میں نیٹ بال کے کھیل کے فروغ کیلئے کورٹ بنائے۔ گذشتہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ٹیم نے بین الصوبائی نیٹ بال چمپئن شپ میں
دوسری پوزیشن حاصل کرکے ثابت کر دیا ہے کہ گلگت بلتستان میں نیٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ نیٹ بال کھیلنے کے لئے کورٹ نہ ہونے سے بہت سا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان بین الصوبائی نیٹ بال چمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے اور ان کھلاڑیوں میں مزید کھیلنے شوق بڑھے گا۔نثار احمد نے کہا کہ کھیل کے کورٹ نہ ہونے کے باعث یہ کھیل گلگت بلتستان میں زیادہ مقبول نہیں ہے اور ہماری کوشش ہے کہ حکومت کھیلنے کیلئے دو، تین کورٹ بنادے تو ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سکولز اور کالجز کی سطح پر بھی نیٹ بال کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے اور ویسے بھی کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جس طرح دوسرے صوبوں اور اداروں سے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں اور گلگت بلتستان کے کھلاڑی بھی محنت کرکے قومی ٹیموں کا حصہ بننے۔