لاہور(این این آئی)پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جلال الدین کو ہیڈ کوچ مارک کولز سے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جلال الدین نے اعتراف کیا کہ مارک کولز کے ساتھ ان کے سلیکشن کے معاملات پر اختلاف رائے تھا تاہم پاکستان نے ایک ایسے کوچ کا انتخاب کیا ہے جو یہاں آکر سیکھ رہاہے، جب ان سے کوئی بات پوچھی جاتی تھی تو وہ غصے میں آکر ناراض ہوکر میٹنگ سے باہر چلا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مارک کولز کا کھیل کے بارے میں
معلومات صفر ہے، ہم تیار ہیڈ کوچ کے بجائے غیر ملکی کو اپنے ملک میں بلاکر تیار کررہے ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک کر نے والے بولر نے کہاکہ میں نے لیول فور کیا ہوا ہے، مارک کولز پروفیشنل کے اعتبار سے کوچ نہیں ہے اور وہ لڑکیوں میں کھیل کا خوف ختم کرنے میں ناکام رہا ہے، سری لنکا اور ملائشیا کے دوروں میں دیکھا کہ مارک کولز میں انا بہت ہے اور ہر تھوڑی دیر میں ناراض ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے لوگوں کو پہلے مرحلے میں اسسٹنٹ کوچ بنانا چاہیے تھا۔