شارجہ(آن لائن)پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز کے تیسرے میچ سے قبل شعیب ملک تنقید کا نشانہ بن گئے ہیں کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں سیریز میں جیت سے زیادہ کھلاڑیوں کو آزمانا ہے۔قومی ٹیم کے سابق بلے باز اور مشہور کمنٹیٹر رمیض راجا نےآسٹریلیا سے دوسری شکست کے بعد شعیب ملک کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ‘بدقسمتی سے
کچھ ٹھیک نہیں ہورہا، ماسوائے ٹاس جیتنے کے نہ رنز لگ رہے ہیں اوروکٹس بھی نہیں مل رہی ہیں’۔رمیض راجا کا کہنا تھا کہ ‘مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان پوری طرح تجربے کے مرحلے میں گیا ہے اور جیت یا ہار سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے اور اگر میرے کانوں نے صحیح سنا تو کپتان شعیب ملک نے کہہ بھی دیا کہ جیت ہار سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اگر ہمارا تجربہ ٹھیک چل رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے تو یقین نہیں ہوا کیونکہ اگر آپ کو جیتنے یا ہارنے سے فرق نہیں پڑ رہا ہے تو پھر یہ سیریز کیوں کھیل رہے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘اگر آپ نئے لڑکوں کو یہ نہیں بتائیں گے کہ آپ کے 50 اور 100 رنز کوئی معنی نہیں رکھتے جو ٹیم کی جیت کے لیے کردار ادا کرتے ہیں، تو پھر آپ نئے چمپیئن کیسے پیدا کریں گے’۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا ہے تو دیگر کھلاڑیوں کو آزماما رہے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں یہ چیزیں ہوتی ہیں اور بالخصوص جب آپ کسی بڑی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں’۔اگلے میچوں میں مزید نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘اگلے میچ میں مزید نوجوان کھلاڑیوں ٹیم میں ہوں گے’۔