اسلام آباد (این این آئی)قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز نوجوان کھلاڑیوں کیلئے قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کا بہترین موقع ہے اور وہ اس کی بدولت ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی جگہ بنا سکتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ انتہائی سوچ سمجھ کر کیا اور ہم نے اس سیریز میں بینچ پر موجود کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل اپنے فائنل اسکواڈ اور کامبی نیشن کا تعین کر سکیں۔آرتھر نے کہا کہ اس سیریز کے بعد ہماری انگلینڈ سے سیریز ہے جس میں ہر کھلاڑی کا کردار پہلے سے طے شدہ ہو گا اور ہمیں پتہ چل چکا ہو گا ہمارا اسکواڈ کس کارکردگی کا حامل ہے، ہم نے ورلڈ کپ کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کے لیے اپنے جانتے بہترین کوشش کی ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے اور یہ بات جاننے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں کہ ہمیں ورلڈ کپ کے لیے کچھ پوزیشنز کا تعین کرنا ہے، پاکستان ٹیم میں 4 جگہیں دستیاب ہیں لہٰذا یہ کھلاڑی اس سیریز کے ذریعے یہ جگہیں اپنے نام کر سکتے ہیں کیونکہ ہمیں ان پوزیشنز کے لیے کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں۔اس موقع پر آرتھر نے سرفراز سمیت چھ کھلاڑیوں کو آرام کرانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز سمیت دیگر کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت تھی کیونکہ اگر یہ کھلاڑی کھیلتے رہتے تو ان کے انجری کا شکار ہونے کا خطرہ تھا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ذریعے یہ کھلاڑی ٹیم میں آ کر عالمی کپ کی بہترین انداز میں تیاری اور اپنی فارم حاصل کر سکیں گے۔