اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے ویمن ونگ کی صدر فائزہ عامر نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح پر اپنا لوہا منوا سکتی ہیں اور پشاور میں جاری قومی تھروبال چمپئن شپ میں خواتین کھلاڑی بھرپور
انداز سے شرکت کررہی ہیں ۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہاکہ کوئی بھی خواتین کے مسائل حل کئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں اور پاکستانی خواتین کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر نے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ملک میں تھروبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے فیڈریشن کی طرح ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کھیل سکولوں اور کالجز کی سطح پر مقبولیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تھروبال چمپئن شپ پشاور میں شروع ہے جس میں ملک بھر سے خواتین کھلاڑی بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہیں، چمپئن شپ کے فائنل مقابلے (آج) جمعرات کوکھیلے جائیں گے اور فائنل میچز کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، اسناد اورمیڈلز تقسیم کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے کئی انٹرنیشنل سطح میڈلز حاصل کررکھے ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے۔