لاہور(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے اصل ہیرو ہیں، ایران کے شہر زاہدان میں ہونے والے تیسرے انٹرنیشنل پارس ووشو کپ میں ووشو کے مردوخواتین کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے
تیسرے انٹرنیشنل ووشو کپ میں میڈلز جینے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا، ووشو کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصراور پاکستان ووشو فیڈریشن کے صدر ملک افتخار بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ووشو کا کھیل نوجوانوں میں مقبول ہے، دوسرے انٹرنیشنل ووشو کپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں نے سپورٹس بورڈپنجاب کی جانب سے حال ہی میں منعقد کرائے گئے دوسرے قائداعظم ووشو کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور جس کی وجہ سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہوں نے انٹرنیشنل پارس ووشو کپ میں میڈلز جیتے۔انہوں نے کہا کہ ووشو کے فروغ کے لئے تعاون کرتے رہیں گے،کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کا کھیل بہتر ہو، دوسرے انٹرنیشنل ووشو کپ میں پاکستان سمیت 7ممالک کے کھلاڑیوں میں حصہ لیا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 11میڈلز جیتے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے بین الاقوامی کوچز کو بلائیں گے ، نوجوان محنت اور جیت کے جذبہ کے ساتھ سپورٹس میں حصہ لیں اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں کو میڈلز بھی پہنائے۔ تیسرے انٹرنیشنل پارس ووشو کپ میں امانت علی نے تین میڈلز حاصل کئے جس میں سونے کا ایک چاندی اورکانسی کا ایک، ایک میڈلز حاصل کیاجبکہ داؤد شاہد نے چاندی کا تمغہ جیتا، خواتین میں سندس نے چاندی، ماریہ کرامت نے کانسی کا ایک،ثمرین الطاف نے تین اور جنت شہزاد نے 2 میڈلز حاصل کئے۔