کراچی (سی پی پی)بھارتی نژاد برطانوی کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرنے والے اسمتھ پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں میچز کھیلنے کا تجربہ کافی خوشگوار رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ کی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا، یہاں لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار دیکھا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان خاص طور پر لاہور کے
بارے میں بہت سی اچھی اور حیران کن باتیں سنی ہیں لیکن اب تک لاہور جانے کا اتفاق نہیں ہو سکا۔ اسمتھ پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت ملنسار اور مہمان نواز ہیں، بھارتی ہونے کے باوجود پاکستان کے دورہ سے بہت سی مثبت چیزوں سے آشنا ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دنیا ئے کرکٹ کی تمام لیگز میں پاکستان سپر لیگ کا شمار پائے کی لیگز میں ہوتا ہے، خاص طور پر اس میں رکھا گیا بائولنگ اسٹینڈرڈ کسی بھی دوسری لیگ میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔