کراچی(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر رمیز راجا نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے اپنی کارکردگی کے رنگ بکھیر دیے، ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ میں شاندار مہارت دکھائی۔سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں رمیز راجا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی اچھی بیٹنگ اور بولنگ کا کریڈٹ ڈیلپورٹ، آصف علی اور فہیم اشرف کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں کھلاڑی جیت میں اسلام آباد کے چکمتے ستارے ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ پاکستا ن سپر لیگ کے کھیلے گئے 27 ویں
میچ میں ڈیلپورٹ، آصف علی اور والٹن کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف 239 رنز کا مشکل ترین ہدف دیا تھا۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں اب تک یہ سب سے بڑا ہدف ہے۔بیٹسمینوں کی عمدہ پرفارمنس کے بعد فہیم اشرف کی تباہ کن بولنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دی، جس میں فہیم اشرف نے صرف 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر پی ایس ایل میں کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا روی بوپارا کا ریکارڈ برابر کردیا۔