لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر سطح پر بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کی طرز کا ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ایسے پلان پر کام کررہا ہے جس کے تحت جونیئر سطح پر راہول ڈریوڈ ماڈل متعارف کرایا جائیگا اور نوجوان کرکٹرز کیلئے ماضی کے کسی عظیم کھلاڑی کو کوچ مقرر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارت نے ماضی کے عظیم کھلاڑی راہول ڈریوڈ کو اپنی انڈر 19
ٹیم کا نگران مقرر کیا ہوا ہے۔اس ماڈل کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو آف دی فیلڈ ڈسپلن سکھانے کیلئے انگریزی کی کلاسز دی جائیں گی، کھانے پینے اور لباس کے معاملے پر بھی قومی اکیڈمی میں خصوصی کلاسز کا اہتمام کیا جائیگا۔ گزشتہ کئی سالوں سے جونیئر ٹیموں کی کوچنگ میں بندر بانٹ ہورہی ہے اور ہر سیریز میں نیا کوچ ہوتا ہے۔ انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ منصور رانا کو پاکستانی ٹیم میں ڈیلی الاؤنس بانٹنے اور میڈیا ہینڈلنگ کا کام سونپ دیا گیا ہے۔