اسلام آباد (این این آئی)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پابندی کی وجہ سے آرام اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل گیا، انسان اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے، مجھ سے بھی غلطی ہوئی جس سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ایک انٹرویومیں سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ میں کپتانی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے ہمیں بھرپور تیاری کا موقع ملے گا۔
اور امید ہے کہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائیگی۔انہوں نے کپتانی کے لیے حمایت کرنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی سپورٹ سے مجھے حوصلہ ملا اور بطور کپتان اعتماد میں اضافہ ہوا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوران افریقی باؤلر فلکوایو پر نسل پرستانہ فقرہ کسنے پر آئی سی سی کی جانب سے چار میچوں کی پابندی سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ‘ہر معاملے میں اللہ کی طرف سے بہتری ہے، پابندی کی وجہ سے آرام اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل گیا، انسان اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے، مجھ سے بھی غلطی ہوئی جس سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم امیدوں کے برعکس اچھا کھیلی، ہم میچز ضرور ہارے لیکن مجموعی طور پر ہماری کارکردگی بہتر تھی۔انہوں نے کہا کہ میچز کے دوران کئی مواقع ایسے آئے جن کا ہم اگر فائدہ اٹھا لیتے تو پانسہ پلٹ سکتا تھا، جبکہ چند بار قسمت نے ہمارا ساتھ نہ دیا۔ورلڈ کپ سے قبل دورہ انگلینڈ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس ون ڈے سیریز سے اچھی تیاری ہوجائے گی اور کھلاڑیوں کو ماحول سمجھنے کا بہتر موقع ہاتھ آئیگا۔امام الحق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امام ذہنی طور پر مضبوط ہیں، چیف سلیکٹر انضمام الحق کا بھتیجا ہونا اپنی جگہ ہے تاہم ہم جب بات کرتے ہیں تو ہماری توجہ ان باتوں کے بجائے کارکردگی پر ہوتی ہے اور وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔بابر اعظم سے متعلق انہوں نے کہاکہ بابر کی پرفارمنس روز بہ روز بہتر ہوتی جارہی ہے اور ان کی بہترین بلے بازی دیکھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک ٹیم کے شینئر ترین کھلاڑی ہیں جن سے ہمیشہ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تیاریوں سے متعلق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ ابتدا میں ٹیم بنانا بہت مشکل تھا لیکن احمد شہزاد، عمر اکمل، سنیل نرائن اور ڈیوائن براوو کے آنے کے بعد ہماری ٹیم مضبوط اور متوازن ہے۔