لاہور،دبئی/جوہانسبرگ(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلے مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے سرفرازاحمد کوفوری وطن واپس بلا لیا ۔جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے باقی میچز اور ٹونٹی ٹونٹی کے نئے کپتان شعیب ملک ہوں گے۔سرفراز احمد کی جگہ رضوان احمد وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
پی سی بی نے کہنا ہے کہ معاملے کو دونوں کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈز نے خوش اسلوبی سے طے کرلیا تھا، اس کے باوجود آئی سی سی کے اس فیصلے نے مایوس کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی سی بی یہ معاملہ آئی سی سی فورم میں اٹھائے گی ۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسل پرستانہ جملے کسنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی جس کے بعد وہ ممکنہ طور پر 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز نہیں کھیل سکیں گے۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل فیلوک وایو کو نسلی تعصب پر مبنی جملہ کہا تھا جو انہوں نے سنا بھی نہیں۔سرفراز احمد نے اپنے جملے پر کھلاڑی سے معافی مانگی اور انہیں اینڈوائل فیلوک وایو نے معاف بھی کیا تاہم اس کے باوجود آئی سی سی نے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی لگادی۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی کپتانی کے فرائض شعیب ملک نے سرانجام دیئے ۔