لاہور(این این آئی)نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے عہدیداروں نے واہگہ بارڈر پر مہمان کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔تفصیلات کے مطابق نیپال کی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے۔ دورے کے دوران مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور تیسرا میچ 31 جنوری اور یکم فروری کو فیصل آباد میں شیڈول ہے۔ دونوں ٹیمیں 3 اور 4 فروری کو چوتھا اور
پانچواں میچ اسلام آباد میں کھیلیں گی۔نیپال کے خلاف سیریز میں پاکستان بلائنڈ ویمنز ٹیم کی قیادت ربیعہ شہزادی کریں گی، دوسری پلیئرز میں صباح گل، اقصیٰ عارف، بشرہ ظہور، سمیہ ممتاز، انیلا شہزادی، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرہ رفیق، رابیعہ جاوید، نشہ بخش، بسمہ حسین، کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں۔بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق نیپال ٹیم کے دورے سے نہ صرف دونوں ٹیموں کی خواتین کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع ملیں گے بلکہ ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی راہ مزید ہموار ہو گی۔