کراچی(اے این این )پی ایس ایل فرنچائزز نے خواتین چیئرلیڈرز بلانے کی تجویز مسترد کر دی۔پی ایس ایل کے تینوں ایڈیشنز میں پی سی بی نے خواتین چیئرلیڈرز کی خدمات حاصل نہیں کی تھیں،اس دوران روایتی لباس پہنے مرد فن کا مظاہرہ کرتے ضرور دکھائی دیے، دنیا بھر کی دیگر لیگز کو دیکھتے ہوئے اس بار بورڈ کے بعض آفیشلز نے یہ تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ میں بھی خواتین چیئرلیڈرز کو بلانا چاہیے، اس سے شائقین کی ایونٹ میں دلچسپی مزید بڑھے گی۔فرنچائزز سے
کہا گیا کہ اگر وہ14،14 ہزار ڈالرز دیں تو اسٹیڈیم میں ایک جگہ مختص کرتے ہوئے چیئرلیڈرز کو بلا لیا جائے گا،ذرائع نے بتایا کہ بیشتر ٹیموں نے اسے مسترد کر دیا،بعض کا کہنا تھا کہ وہ کیوں اتنی رقم خرچ کریں اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔بعض نے یہ بھی کہا کہ خواتین چیئرلیڈرز کی خدمات حاصل کرنا ہمارے معاشرے کی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا، جب انھیں کہا گیا کہ چیئرلیڈرز مکمل مشرقی لباس میں ہوں گی تو بھی کسی نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔