لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے اور آئندہ ماہ بورڈ میں کئی اہم بڑے فیصلے متوقع ہیں ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں پی سی بی میں کئی اہم اور بڑے فیصلے ہوں گے،نئے ایم ڈی وسیم خان چھ فروری کو لاہور میں اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے جبکہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن ان سے دو دن قبل 4 فروری کو لاہور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق نئے انتظامی سیٹ اپ کے مطابق کرکٹ کے تمام معاملات ایم ڈی وسیم خان کے پاس چلے جائیں گے جبکہ انتظامی معاملات چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد چلائیں گے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی کرکٹ ٹیم مارچ میں پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے خبر لیک ہونے کے بعد میڈیا ہی میں جواب دیا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے مروجہ طریقہ کار اپنانے کے بجائے اس انداز میں انکار کیا ہے جو درست نہیں ہے۔ درست انداز اور طریقہ کار یہی تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا اپنے سیکیورٹی ماہرین کو پاکستان بھیج کر کوئی حتمی رائے قائم کرے۔مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے سفارتی کوششیں بھی کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں اسلام آباد میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کو بھی اعتماد میں لیا جارہا ہے۔احسان مانی 2004 میں بھارتی ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے کردار ادا کر چکے ہیں اور اب وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق لاہور کی میٹنگ میں فرنچائز مالکان نے بتایا کہ آئی سی سی کے سابق سربراہ احسان مانی پی سی بی کے معاملات کوبہتر انداز میں سمجھ رہے ہیں اوراس کا عملی مظاہرہ میٹنگ میں دکھائی دیا۔جن فرنچائز نے بورڈ کے واجبات ادا کرنا ہیں ان سے چیئرمین پی سی بی نے علیحدگی میں 45،45 منٹ بات چیت کی جبکہ پروڈکشن اخراجات پر اضافی خرچہ بورڈ خود ادا کریگا۔ احسان مانی نے واضح کیا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا برانڈ ہے اس کی ٹیلی وژن کوریج کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیوں کہ جب پروڈکشن کوالٹی بہتر ہوگی تو دنیا بھر میں اس ٹورنامنٹ کی زیادہ بہتر پذیرائی ہوگی۔ذرائع کے مطابق احسان مانی نے چارج سنبھالنے کے بعد بورڈ کے معاملات کو سمجھنے
میں وقت لیا اور اب وہ خود ڈرائیوانگ سیٹ سنبھال رہے ہیں جبکہ آئندہ ماہ منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی آمد کے ساتھ احسان مانی کئی معاملات کا انہیں کنٹرول سونپ دیں گے تاہم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں احسان مانی دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کا بہتر امیج سامنے لانا چاہتے ہیں۔ ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے پاکستان کے روابط میں بہتری لائی جائیگی اور سب سے بڑھ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات میں بہتری لائی جائے گی۔