پشاور(آئی این پی) لیجنڈری اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان آج اپنی 55 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔انہوں نے دس مرتبہ برٹش اوپن اور چھ مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتا۔تفصیلات کے مطابق لیجنڈری اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان10دسمبر 1963کو کراچی میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے والد روشن خان بھی اسکواش کے معروف کھلاڑی تھے۔جہانگیر خان نیا سکواش کے کھیل میں ایسا نام پید اکیا جسے ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
مسلسل 555 میچز میں کامیابی سمیٹنے والے جہانگیر خان کو انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ میں ایک ناقابل شکست کھلاڑی تصور کیا جاتا تھا ۔جہانگیر خان نے 1981 میں پہلی بار برٹش اوپن کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ اسی سال ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت کر کامیابیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کیا۔ وہ 1981 سے 1986تک ناقابل شکست رہے ۔جہانگیر خان نے دس مرتبہ برٹش اوپن اور چھ مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔