لندن (آن لائن)کرکٹ کے کھیل کو عالمی سطح پر مقبول ترین بنانے کے لیے ہر گزرتے دن کے ساتھ تبدیلیاں کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے لیکن اب جنٹل مین گیم میں ٹاس کا ہی انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا گیا۔ٹی20 لیگ کو دنیا بھر میں سب سے پہلے مقبول بنانے کا سہرا آسٹریلیا کی بگ باش لیگ کو جاتا ہے اور اس لیگ نے کھیل میں ایک اور بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے ٹاس کا طریقہ ہی بدل دیا ہے۔
آج تک ٹاس کے موقع پر ایک کپتان سکہ اچھالتا ہے اور ان کا ہم منصب ہیڈ یا ٹیل پکارتا ہے جس کے بعد ٹاس جیتنے والا کپتان بیٹنگ یا باؤلنگ کا فیصلہ کرتا ہے۔لیکن بگ بیش انتظامیہ نے اب ٹاس کے موقع پر سکے کی جگہ بلا اچھالنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بعد کپتان بیٹنگ یا باؤلنگ کا فیصلہ کریں گے۔جب 19دسمبر کو بگ باش کا آٹھواں سیزن شروع ہو گا کپتان ٹاس کے بجائے بلا اچھالیں گے اور ٹیل اور ہیڈ کی جگہ ہِلز(یعنی ابھار والا حصہ) یا فلیٹ (سیدھی سطح) پکاریں گے۔تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ بلا کس نوعیت کا ہو گا اور اس کا سائز عام بلے جیسا ہو گا یا مختلف لیکن اب تک آسٹریلین ٹی20 لیگ کی جناب سے متعارف کرائے گئے بیشتر اقدامات نے عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے جس کو دیکھتے ہوئے ٹاس کے نئے طریقے کی بھی عوام میں بھی مقبولیت کی امید رکھی جا سکتی ہے۔اس کی سب سے بڑی مثال ایل ای ڈی اسٹمپس ہیں اور اب دنیا بھر کے تمام اہم ون ڈے اور ٹی20 ایونٹس اور سیریز میں ایل ای ڈی اسٹمپس کا استعمال لازمین تصور کیا جاتا ہے البتہ یہ ٹیکنالوجی مہنگی ہونے کے سبب مالی اعتبار سے کمزور کرکٹ بورڈ اپنی سیریز میں اس کا استعمال نہیں کر پاتے۔ٹاس کا موضوع کافی عرصے سے دنیا بھر میں زیر بحث ہے اور اس سے قبل یہ تجویز بھی پیش کی جا چکی ہے کہ کرکٹ خصوصاً ٹیسٹ میچوں میں ٹاس کو ختم کر کے مہمان ٹیم کو بیٹنگ یا باؤلنگ کے انتخاب کا اختیار دیا جائے لیکن اس تجویز کو عملی جامع نہیں پہنایا جا سکا۔بگ باش لیگ کا پہلا میچ 19دسمبر کو گابا میں میزبان برسبین ہیٹ اور دفاعی چیمپیئن ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔۔