اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ میں کشمیر کی ٹیم کا مطالبہ زور پکڑ نے لگا۔ پشاور زلمی آزاد کشمیر کے کوارڈینیٹر نیئر شہزاد عباسی نے وزیر اعظم عمران خان اور (پی سی بی)کے چیئر مین احسان مانی کو خط لکھ کر پی ایس ایل میں کشمیر کی ٹیم کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جمعہ کو سابق کرکٹر و پشاور زلمی آزاد کشمیر کے کوارڈینیٹر نیئر شہزاد عباسی نے وزیر اعظم اور (پی سی بی)کے چیئر مین احسان مانی کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ایس ایل میں کشمیر کی ٹیم کو شامل کیا جائے، خط کے متن میں
کہا گیا ہے کہ آزادکشمیر کی آبادی 30 لاکھ سے زائد ہے جس کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے،آزادکشمیر کی شرح خواندگی دیگر تمام صوبوں سے زیادہ ہے،آزادکشمیر خطے کے لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، یورپ، مڈل ایسٹ اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم سپورٹ کرتے ہیں، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل میں کشمیر کی ٹیم کی شمولیت سے کشمیری عوام اور پاکستان کا رشتہ مزید مضبوط ہو گا اورپی ایس ایل میں آزادکشمیر کی ٹیم کی شمولیت سے دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔