بھوبنشوار(آئی این پی)14ویں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج جمعہ کو پول بی کے دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چودہویں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز بھارتی ریاست اڑسیہ کے دارالحکومت بھوبنشوار میں ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور شائقین ہاکی کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔اس سلسلے میں پہلا میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ اور چین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم
اپنا پہلا میچ کل ہفتہ کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی جس کے لئے گرین شرٹس بھرپور پریکٹس کر رہی ہے۔میگا ایونٹ 19 روز تک جاری رہنے کے بعد 16 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، سپین، فرانس، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ، چائنا، بیلجیئم، کینیڈا، جنوی افریقہ، ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا شامل ہیں۔ عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔