دبئی( آن لائن )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 1992 میں منعقدہ میگا ایونٹ کی طرز پر کھیلا جائیگا جس کی منظوری آئی سی سی پہلے ہی دے چکا ہے۔ میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔
46 روزہ میگا ایونٹ میں 11 مختلف مقامات پر 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے میگا ایونٹ کا آغاز ہو گا جبکہ لارڈز 14 جولائی کو پانچویں مرتبہ فائنل میچ کا میزبان ہو گا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کو دوبارہ 1992 میں منعقدہ ورلڈ کپ طرز پر کرانے کی منظوری دے رکھی ہے جس کے تحت 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنلز کھیلنے کی اہل ہوں گی۔46 روزہ ایونٹ کے 48 میچز11 مختلف مقامات لارڈز، اوول، ایجبیسٹن، ٹرینٹ برج، ہینڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ٹاؤنٹن، برسٹول، چیسٹرلی سٹریٹ، ساؤتھمٹن اور کارڈف پر کھیلے جائیں گے۔ اوول 30 مئی کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی اور لارڈز 14 جولائی کو فائنل میچ کا میزبان ہو گا۔ میگا ایونٹ میں لارڈز پانچویں مرتبہ میگا ٹورنامنٹ فائنل کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرے گا۔عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔ 9 جولائی کو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ٹیم اور چوتھے نمبر کی ٹیم کے درمیان پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ پر کھیلا جائے گا۔ دو روز بعد دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ایجبیسٹن پر کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم 2 جون کو افغانستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ 16 جون کو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی، یہ وہی مقام پر جس نے 1999 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر سکس مقابلے کی میزبانی کی تھی۔