تائیوان(سپورٹس ڈیسک)ایشین انڈر 12 بیس بال چمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 0۔16 سے شکست دے دی۔ پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں ورلڈ نمبر تین کوریا سے مقابلہ درپیش تھا، جس میں پاکستان ٹیم کو کوریا کے ہاتھوں 4۔1 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ٗپاکستان نے 14 اگست کو گروپ کے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 1۔6 اسکور سے شکست دی تھی۔ 15 اگست کو پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا، جس نے میچ میں مکمل طور پر بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0۔16 کے اسکور سے مات دی۔پاکستان نے پہلی ہی اننگز سے بھارتی ٹیم کو دباؤ میں رکھا جو آخری اننگز تک برقرار رہا۔
اور کم از کم 15 اسکور کا فرق ہونے کی وجہ سے میچ کو پانچ اننگز میں ہی مکمل قرار دے دیا گیا ٗاس طرح گروپ میں دو میچز جیتنے کے بعد پاکستان انڈر 12 ٹیم نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔ ایشین انڈر 12 بیس بال چمپئن شپ ورلڈ کپ کا کوالیفائی راؤنڈ بھی ہے، جس میں پہلی 3 پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ کھیلنے کی اہل ہوں گی۔بھارت سے کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑی بے حد خوش ہیں۔ کپتان محمد فیاض اور نائب کپتان سبحان مصطفی کا کہنا تھا کہ بھارت کی شکست پاکستانی عوام کے لیے تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ لگاتار دو میچز جیت کر بہت خوش ہیں،آئندہ میچز میں بھی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔