رونچی (مانیٹرنگ ڈیسک)چوتھی بار میگا ایونٹ میں شریک رونالڈو کی ٹیم گزشتہ دن ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں یوروگوئے سے 1-2 سے ہارنے کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، فاتح ٹیم کیلئے دونوں گول ایڈنسن کیوانی نے بنائے، میسی کی طرح رونالڈو بھی اپنی ٹیم کیلئے اس مقابلے میں کوئی گول نہیں بناپائے، پرتگالی شائقین ٹیم کی شکست پر آبدیدہ ہوگئے۔
اس موقع پر رونالڈو نے شائقین کو سیلیوٹ کرکے ان کی ہمت بڑھانے کی کوشش بھی کی، رونالڈو قطر میں 2022میں شیڈول اگلے ورلڈ کپ کے موقع پر 37برس کے ہوجائیں گے، تاہم انھوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا جاری رکھنے پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ابھی کھلاڑیوں اور کوچز کے مستقبل پر بات کرنے کا وقت نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس شاندار پلیئرز موجود ہیں اور وہ بہت کچھ پانے کی خواہشات رکھتے ہیں مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہماری ٹیم بدستور مضبوط رہے گی، پرتگال موجودہ یورپیئن چیمپئن بھی ہے، رونالڈو میگا ایونٹ میں 4گول داغ کر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلش کپتان ہیری کین 5گول بناکر بدستور ٹاپ پر ہیں۔دوسری جانب پرتگالی کوچ فرنانڈو سانتوس نے امید ظاہر کی کہ رونالڈو بدستور ہمارے انٹرنیشنل سیٹ اپ کا حصہ رہیں گے، وہ ابھی فٹبال کو بہت کچھ دے سکتے ہیں، مجھے امید ہے کہ وہ نوجوان پلیئرز کو نکھارنے میں ہماری مدد جاری رکھیں گے، اس سے قبل یوروگوئے نے پرتگال کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔روس کے شہر سوچی کے فشٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 7ویں منٹ میں کوانی نے گول کر کے یوراگوئے کو برتری دلا دی، دوسرے کے 10ویں منٹ میں تجربہ پرتگالی کھلاڑی پیپے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول بناکر مقابلہ 1-1 کردیا، پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور میچ کے 62ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی انفرادی طور پر دوسرا گول بنادیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بھی موقع پر گول کی جانب شاٹ نہیں مارا، اس سلسلے میں یوروگوئے کا دفاع بھی شاندار رہا، جس نے پرتگال کی اگلے راونڈ میں رسائی ناممکن بنادی، یوروگوئے کی ٹیم اب کوارٹر فائنل میں فرانس کا سامنا کرے گی۔