اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں ایک افسوسناک واقعے میں نئی نویلی شادی شدہ جوڑی نے ہنی مون سے واپسی کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلورو سے جڑا ہے، جہاں نوبیاہتا میاں بیوی مبینہ گھریلو اختلافات سے دل برداشتہ ہو گئے۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ سورج شیوانا نے ہفتے کے روز ناگپور میں وارڈھا روڈ پر واقع ایک ہوٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔
یہ واقعہ اس کی 26 سالہ اہلیہ گنوی کی بنگلورو میں خودکشی کے صرف دو دن بعد سامنے آیا۔ رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی 29 اکتوبر کو بنگلورو میں انجام پائی تھی، جس کے بعد وہ ہنی مون کے لیے سری لنکا روانہ ہوئے تھے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کے فوراً بعد میاں بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے، جس کے باعث وہ اپنا ہنی مون مکمل کیے بغیر واپس لوٹ آئے۔ واپسی کے بعد پیش آنے والے ان دلخراش واقعات نے سب کو سوگوار کر دیا ہے۔















































