لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہمیشہ پاکستان کے پاس ہی رہے گی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال اپریل میں کولکتہ میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں ہی چیمپئنز ٹرافی کا سلسلہ ختم کرتے ہوئے 2021میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فیصلہ کرلیا گیا تھا،کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن کا کہنا تھا کہ تمام ممبرز نے اتفاق رائے سے طے کیا ہے کہ ورلڈٹی ٹوئنٹی کا ایک ایڈیشن آسٹریلیا میں 2020میں ہوگا۔
اگلے سال چیمپئنز ٹرافی کے بجائے مختصر فارمیٹ کا میگا ایونٹ بھارت میں شیڈول کیا جائیگا ٗاس وقت بی سی سی آئی ممبران کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا کہ اجلاس میں شریک ان کے اپنے ہی رکن نے حمایت سے قبل انھیں اعتماد میں نہیں لیا،بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ کو ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کرنے سے نشریاتی حقوق سمیت کئی مسائل پیدا ہوں گے۔بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ سے 2روز قبل آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے فیوچر ٹور پروگرام میں چیمپئنز ٹرافی کے بجائے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کو شیڈول میں شامل کیا گیا ہے،باضابطہ اعلان کے بعد 8ملکی ایونٹ کا سلسلہ تمام ہوگیا۔گزشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والا ایڈیشن آخری ثابت ہوا، عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود پاکستان ٹیم نے مضبوط حریفوں کو حیران وپریشان کرتے ہوئے اپنی تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل حاصل کیا تھا، آئندہ ٹورنامنٹ نہ ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس کو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ٹرافی ہمیشہ کیلئے شوکیس کی زینت بنی رہے گی۔