کینٹر بری(آئی این پی)قومی فاسٹ باؤلر محمد عامرنے کہا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں ، میگا ایونٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور انہوں نے بھی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کو اپنا ہدف بنایا ہوا ہے۔اپنے ایک بیان میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا ورلڈ کپ ہوگا لہذا ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔
کیونکہ اسکی بدولت ان کا اہم ترین خواب پورا ہو جائے گا۔25سالہ بائیں ہاتھ کے پیسر کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے آئی سی سی کے کسی بھی بڑے ایونٹ میں حصہ لینا ہر کھلاڑی کیلئے خوش قسمتی کا باعث بن سکتا ہے اور وہ بھی خود کو اس حوالے سے خوش قسمت سمجھتے ہیں،کئی کھلاڑی سالوں تک اس ٹورنامنٹ کا انتظار کرتے ہوئے سخت محنت کرتے ہیں اور پھر اچانک انہیں ایونٹ سے قبل انجری کے سبب محرومی کا سامنا رہتا ہے تاہم پاکستانی ٹیم میں روٹیشن پالیسی کے سبب انہیں اس ٹورنامنٹ کی بہترین تیاری کا موقع مل جائے گا۔انگلش کنڈیشنز سے واقف فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ بہت بڑا اور اہم ٹورنامنٹ ہے ، ان کی پہلی خواہش تو یہ ہوگی کہ پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر یہ ٹائٹل اپنے نام کرے اور اسکے بعد وہ ٹورنامنٹ میں بہترین بالر کا اعزاز حاصل کرنا چاہیں گے۔