دبئی(آئی این پی) آل راونڈر محمد حفیظ نے آئی سی سی سے بولنگ قوانین میں رعایت کا مطالبہ کردیا۔محمد حفیظ پر اس وقت غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ کرنے پر پابندی عائد ہے، انھوں نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے قوانین میں ترمیم کرے تاکہ دوسرا بدستور کھیل میں شامل رہے۔آل رانڈر کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی موجودگی ہمارے لیے اہمیت کی حامل تھی، ثقلین مشتاق کی وجہ سے بھی ٹیم میں کافی جوش وخروش ہوتا تھا۔
آئی سی سی کو لازمی طور پر اس بارے میں غور کرنا چاہیے، قوانین میں تھوڑی سے گنجائش پیدا کی جائے، دوسرا کو کھیل سے الگ نہیں کرنا چاہیے۔حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ عالمی کرکٹ میں لیگ اسپنرز کے عروج پر حیران نہیں ہیں، وہ کہتے ہیں کہ لیگ اسپنرز ہمیشہ ہی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے رہے ہیں، جب عبدالقادر گگلی کرایا کرتے تھے تو وہ کرکٹ میں نئی چیز تھی اور ہر کوئی اس کو پسند کرتا تھا، پھر بھارت سے انیل کمبلے، آسٹریلیا سے شین وارن اور پاکستان سے مشتاق احمد نے اس کو آگے بڑھایا۔چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد پاکستان کی ون ڈے فارمیٹ میں غیرمستقل مزاج پرفارمنس کے حوالے سے حفیظ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ٹور کیلیے ہمیں کچھ بولرزکی انجری کے باعث خدمات میسر نہیں تھیں، عثمان شنواری ایک ابھرتے ہوئے اسٹار ہیں، وہ ہمارے لیے سری لنکا کے خلاف یو اے ای سیریز میں کافی بہتر ثابت ہوئے تھے۔محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے پلیئرز موجود ہیں، عامر، حسن علی اور فہیم اشرف بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی ٹیم کیلیے مفید ثابت ہورہے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل دیار غیر میں اچھی پرفارمنس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔