اسلام آباد(این این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کی ان کے جھنڈے کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز امن کے سفیر ہوتے ہیں اور بھارتی جھنڈے کے ساتھ تصویر کا مقصد صرف یہ تھا کہ اس بھارتی تماشائی کی اچھی تصویر آ سکے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے گئی نمائشی میچ کی سیریز کے دوران شاہد آفریدی کی بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کو بھارت بھر میں بہت سراہا گیا تھا۔
تاہم وہیں دوسری جانب پاکستان میں بعض شائقین کو یہ انداز نہیں بھایا۔شاہد آفریدی نے بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہیے، یہی وجہ تھی کہ میں بھارتی تماشائی سے پرچم کو صحیح طریقے سے پکڑنے کا کہا اور میں یہ بھی چاہتا تھا کہ اس کی تصویر اچھی آئے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹرز تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں ٗہم امن کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں محبت اور امن پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں اور آئس کرکٹ میں ہمارا بہت اچھا وقت گزرا۔قومی ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ دورے کیلئے تیاری نہ کرنے کو ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں ناکامی کی وجہ قرار دیا۔