ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی نے فرسٹ ڈویڑن لیگ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے موسوم کیا ہے جس کے بعد آئندہ اسے شہزادہ محمد بن سلمان فرسٹ ڈویڑن لیگ کے نام سیلکھا اور پکارا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ فرسٹ ڈویڑن لیگ کو شہزادہ محمد بن سلمان کے نام موسوم کیا گیا ہے ۔
جس کے بعد اسے شہزادہ محمد بن سلمان فرسٹ ڈویڑن لیگ کا نام دیا جائے گا۔دیگر ٹویٹس میں آل الشیخ نے بتایا کہ فرسٹ ڈویڑن لیگ کے ہر کلب کو 50 لاکھ ریال تک امداد بھی دی جائیگی۔ لیگ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی تعداد بڑھا کر چار کردی گئی ہے۔ ان میں دو ایسے کھلاڑی شامل ہوں جن کی پیدائش سعودی عرب کی ہے مگر وہ کسی دوسرے ملک کے شہری بھی ہیں۔ لیگ کے مختلف مقابلوں کے دوران ٹیلی ویڑن پر میچ براہ راست دکھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ترکی آل الشیخ نے کہا کہ سیکنڈ ڈویڑن لیگ کے ہر کلب کو نصف ملین ریال امداد اور انہیں بھی اپنے ہاں غیرملکی کھلاڑیوں اور دو سعودی نڑاد کھلاڑیوں کو رجسٹرڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔