جوہانسبرگ(آئی این پی)جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان چھ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ(آج)ہفتہ کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ بھارت کو چھ میچوں کی سیریز میں پروٹیز کے خلاف3-0کی برتری حاصل ہے،جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈویلیئرز سیریز کے آخری تین میچز کیلئے دوبارہ سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں،اے بی ڈویلیئرز انگلی کی انجری کے باعث بھارت کے خلاف 6 ایک روزہ میچز کے ابتدائی 3 میچوں سے باہر تھے جن میں جنوبی افریقا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم اب ڈویلیئرز کی انجری سے نجات پاکر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان 10 جنوری کو کھیلا جانے والا چوتھا ون ڈے چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے لئے گلابی گیند سے کھیلا جائے گا اور یہ میچ اس نوعیت کا چھٹا میچ ہوگا۔جنوبی افریقا کو سیریز بچانے کے لئے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور ریکارڈ بتاتا ہے کہ پروٹیز گلابی گیند سے کھیلا جانے والا اب تک کوئی میچ نہیں ہارے۔اے بی ڈویلیئرز گلابی گیند سے کھیلنے پر مہارت رکھتے ہیں اور تین سال قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف گلابی گیند سے کھیلے گئے میچ میں انہوں نے تیز ترین سنچری بنائی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں میچ 13 فروری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائیگاجبکہ چھٹا اور آخری میچ 16 فروری کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔