ممبئی(آئی این پی)بھارتی پریمیئر لیگ میں اگر پاکستانی کرکٹرز شامل ہوتے تو سب سے زیادہ اہمیت اور قیمت لیگ اسپنر شاداب خان کی ہوتی۔بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی نے کھیلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستانی کرکٹرز 2008 کے بعد سے اب تک آئی پی ایل کا حصہ نہ بن سکے تاہم کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو نے پاکستانی کرکٹرز کی اہمیت کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویب سائٹ نے آئی پی ایل کی مختلف فرنچائزز کے سامنے چند سوالات رکھے جس کے مطابق اگر پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں ہوتے تو سب سے زیادہ قدر کس کھلاڑی کی ہوتی، کونسے کھلاڑی کس پوزیشن پر کھیلتے اور سب سے زیادہ کس کرکٹر کی قیمت ہوتی، جس پر مختلف آئی پی ایل فرنچائزز نے 5 کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے۔آئی پی ایل فرنچائز کی نظر میں شاداب خان وہ کھلاڑی ہیں جو تنہا میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق شاداب میچ کے کسی بھی مرحلے میں بولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں جنہوں نے 6.31 کی اکنامی ریٹ سے 43 میچز میں 58 وکٹیں حاصل کیں اور فرنچائز کی جانب سے ان کی قیمت 5 سے 6 کروڑ بھارتی روپے لگائی گئی ہے۔فاسٹ بولر حسن علی دوسرے کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل فرنچائزز کی نظروں میں ہیں اور ان کی حالیہ کارکردگی کے باعث ان کی قیمت 3سے5کروڑ بھارتی روپے لگائی گئی ہے۔حسن علی پشاور زلمی، کومیلا وکٹورین، سیٹ کٹز اور نیوس پیٹروٹس کی طرف سے کھیلتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بولر کے پاس فاسٹ بولر محمد عامر جیسا پیس ہو تو وہ فرنچائز کے لئے ‘ہاٹ پراپرٹی’ ہوگا، محمد عامر کے پاس تیز گیند بازی کے علاوہ ہوا میں بول کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت بھی ہے جو کسی بھی بلے باز کے لئے مشکل کھڑی کرنے کے لئے کافی ہے۔محمد عامرکی قیمت 3 سے 6 کروڑ بھارتی روپے لگائی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی شعیب ملک بھی بھارتی فرنچائزز کی نظروں میں ہیں جو ان کی فٹنس اور گراونڈ کے اندر ذہانت سے متاثر دکھائی دیتی ہیں۔شعیب ملک کی صلاحیتوں کی وجہ سے فرنچائز مالکان نے ان کی قیمت 2سے 4 کروڑ بھارتی روپے لگائی ہے۔آل راونڈر فہیم اشرف کو آئی پی ایل فرنچائزز ابھرتا ہوا ٹیلنٹ قرار دے رہی ہیں جب کہ فرنچائزز کو ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو بولنگ کے ساتھ ساتھ مکمل بیٹنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔ایسے میں فہیم اشرف کومستقبل کی سرمایہ کاری قرار دیا جارہا ہے اور مختلف فرنچائزز نے ان کی قیمت ایک سے 2کروڑ بھارتی روپے لگائی ہے۔