لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے 8کھلاڑی اور 4آفیشلز دورہ نیوزی لینڈ کے بعد لاہور پہنچ گئے۔نیوزی لینڈ سے پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے 8کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، محمد عامر، بابر اعظم، حسن علی، احمد شہزاد، فہیم اشرف، حارث سہیل اور عامر یامین شامل تھے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی زخمی ہونے کے باعث ویل چیئر پر بیٹھ کر ایئرپورٹ سے باہر آئے۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس
منگل کے روز نیوزی لینڈ سے کراچی پہنچے تھے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی میں نمبر ون ٹیم بننے پر خوشی ہے۔واضح رہے کہ اتوار 28جنوری کو مانٹ مانگنوئی میں 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف پاکستان نے سیریز اپنے نام کی بلکہ وہ ٹی ٹونٹی کی نمبرون ٹیم بھی بن گئی۔پاکستان نے کیویز کو ان کے ہوم گرائونڈ پر ٹی ٹونٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا تھا۔