لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نیوزی لینڈ میں شعیب ملک کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ شعیب ملک نئی گیند سے ڈرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں صرف محمد حفیظ اور فخر زمان ایسے کھلاڑی ہیں جو گیند سے ڈرتے نہیں لیکن باقی کھلاڑی ایسے ہیں جو نئی گیند کا سامنے کرتے ہوئے ڈرتے ہیں ۔
محمد یوسف نے اس بات کو تسلیم کیا کہ دنیا میں کوئی ایسا بیٹسمین نہیں جو گیند سے نہ ڈرتا ہو،البتہ شعیب ملک جس انداز میں نیوزی لینڈ میں ان کے بولرز سے ڈر کر کھیلے اور وکٹ سے اتر رہے تھے،یہ انتہائی افسوس ناک مظاہرہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو شعیب ملک سے ان جان چھڑا لینی چاہیئے اور ورلڈ کپ 2019 میں ان کی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع دینا چاہیے۔ محمد یوسف نے کہا کہ 2001ء سے شعیب ملک انگلینڈ جا رہے ہیں اور 24ون ڈے میچوں میں انگلش سرزمین پر وہ صرف ایک مرتبہ 50 سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں،ایسی صورت حال میں شعیب ملک کو ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھلانا ایک بڑی غلطی ہو گی۔