اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے باؤلرز کے ہاتھوں صرف 74 رنز پر عبرت کا نشان بن چکی ہے، شاہینوں کا یہ چوتھا کم ترین سکور ہے، قومی ٹیم کے پاس کم ترین سکور کا ریکارڈ 43 رنز کی صورت میں موجود ہے جو اس نے ویسٹ انڈیز
کے خلاف بنایا تھا۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں 183 رنز سے عبرتناک شکست کا تاج پہنا ہے، قومی ٹیم 27 اعشاریہ 2 اوورز میں 74 رنز پر پویلین لوٹی جو اس کا چوتھا کم ترین سکور ہے۔ قومی ٹیم نے سب سے کم ترین سکور 25 فروری 1993 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انہیں بلے بازوں کی پرفارمنس سے سخت مایوسی ہوئی ، سیریز ہار چکے اب اگلے 2 میچز جیتنے کی حکمت عملی تیار کریں گے۔میچ میں عبرتناک شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد سخت افسردہ نظر آئے، ان سے میچ میں شکست کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے انتہائی غمزدہ انداز میں بلے بازوں کو شکستِ فاش کا ذمہ دار قرار دیا۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کے بلے بازوں کی پرفارمنس نے انہیں سخت مایوس کیا ہے، باؤلرز نے اپنے حصے کا کام کردیا لیکن بلے باز متاثر کرنے میں ناکام رہے۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ سیریز تو ہار ہی چکے ہیں ، اب مل کر بیٹھیں گے اور جو بھی مسائل ہوں گے انہیں حل کرکے اگلے 2 میچز میں فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔