دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایمرٹس ایئر لائن نے بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شیکھر دھون کی اہلیہ اور بچوں کو دبئی سے جنوبی افریقہ جانے والی پرواز پر بیٹھنے سے رو کنے کی وجہ بتادی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی اور ان کے اہل خانہ دبئی سے کیپ ٹان پہنچ چکے ہیں تاہم شیکھر دھون کو اس وقت کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب ایمرٹس ایئر لائن نے ان کی اہلیہ اور بچوں کو جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا کیوں کہ وہ اپنے بچوں کا برتھ سر ٹیفکیٹ پیش نہیں کرسکے تھے ،ایمرٹس کے
اس اقدام پر شیکھر دھون شدید غصے میں آگئے اور سوشل میڈیا پر اپنی بھڑاس نکالی ۔اب ایمرٹس ایئر لائن نے اس واقعے پر شیکھر دھون سے معذرت کرتے ہوئے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وہ اس واقعے پر ان سے معذرت خواہ ہیں لیکن وہ صرف جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے نئے قوانین کی پاسداری کررہے تھے جس کے تحت اگر کوئی مسافر18سال سے کم عمر بچے کے ساتھ سفر کررہا ہو تو اسے اس بچے کے والد یا والدہ یا گارڈین ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا پڑتا ہے ۔