اسلام آباد(این این آئی) یوگینڈا میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ واقعہ پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ منتظمین سے معاہدے کرنا کھلاڑیوں کی ذمے داری تھی ٗپی سی بی کی نہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق کرکٹ بورڈ کا کردار صرف کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے تک محدود تھا ٗجو آئی سی سی سے مشاورت کے بعد ہی جاری کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کرکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں ٗ تفصیلات آنے کے بعد پی سی بی آیندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔خیال رہے کہ منتظمین نے ایفرو ٹی ٹوئنٹی لیگ کو اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے باعث کئی پاکستانی کھلاڑی یوگنڈا کے شہرکمپالا میں پھنس گئے۔ ٹورنامنٹ میں اکثر غیر
ملکی کرکٹرز پاکستان کے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز، بھارت اور امریکا کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں نے بھی لیگ میں شرکت کرنی تھی۔پاکستان کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر غیر ملکی کرکٹرز تیسرے درجے کے تھے جن کی تعداد22 بتائی جاتی ہے۔متاثرہ پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو معاوضہ طے ہوا تھا اس میں سے ایک پیسے کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی ۔