لاہور(آن لائن)قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا ہیرو قرار دے دیا۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ویرات کوہلی سے آپکا موازنہ کیا جاتا ہے کیا وہ آپکے آئیڈیل ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ وہ کوہلی کی بجائے ڈی ویلیئرز سے زیادہ متاثر ہیں کیونکہ انہوں نے ابتدا سے ہی ان کی بیٹنگ کو بہت گہرائی کے ساتھ دیکھا
اور ان کی طرح کھیلنے کی کوشش بھی کرتے ہیں،ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ڈی ویلیئرز جیسے شاٹس کھیل سکیں اور نیٹ پریکٹس کے دوران وہ ان شاٹس کی نقل کرتے ہیں جو ڈی ویلیئرز میچ کے دوران کھیلتے ہیں۔بابر اعظم کے مطابق وہ غیر ذمہ دارانہ شاٹس کھیلنے سے پرہیز کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز کے علاوہ ہاشم آملا اور ویرات کوہلی کو بھی ذہن میں رکھتے ہیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے اپنا موازنہ ویرات
کوہلی سے کیے جانے پر بابر کا کہنا تھا کہ ان میں اور کوہلی میں بہت زیادہ فرق ہے ، ان جیسا بننا ممکن نہیں کیونکہ وہ عالمی نمبر ایک بیٹسمین ہیں، مکی آرتھر نے شاید انکے ابتدائی برسوں کے کیریئر ریکارڈز کے سبب یہ بات کہی ہو جو انکی ذاتی سوچ ہے تاہم وہ خود بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کیلئے ویرات کوہلی جیسی کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہیں۔