پرتھ(آئی این پی)آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کی کامیابی کے پیچھے بھی عورت کا ہاتھ نکلا۔اسمتھ کے منیجر وارین کریگ کا کہنا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تاہم آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے کیس میں یہ بات درست ثابت ہوتی ہے، انھوں نے رواں پرتھ ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو انتہائی مستحکم کیا ،
وہ اس کے لئے لازمی طور پر اپنی منگیتر ڈینی ولس کے شکرگزار ہوں گے جوکہ انھیں بیٹنگ پریکٹس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ڈینی قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں، دونوں کی رواں برس کے شروع میں منگنی ہوئی تھی۔جب بھی اسمتھ پریکٹس کیلئے جاتے ہیں ان کی بولنگ مشین ڈینی ہی آپریٹ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اسمتھ بیٹنگ پریکٹس کیلئے مشین سیٹ کرتے ہیں اور میں اس میں گیند لوڈ کرتی رہتی ہوں۔اسمتھ کے منیجر وارین کریگ
کا کہنا تھا کہ ڈینی بھی اس کام سے کافی خوش ہوتی ہیں وہ اسمتھ کیلیے بہت ہی اچھی ثابت ہوئی ہیں، وہ ان کی آن دی فیلڈ کامیابیوں میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں، وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ کب اسمتھ کے دماغ کو کرکٹ سے ہٹانا ہے تاکہ وہ دباو کا شکار نہ ہوں، دونوں کی بہترین جوڑی ہیں۔ڈینی ولس کہتی ہیں کہ اسمتھ کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ اپنے کام کی جانب مکمل توجہ دیتے ہے، ٹیسٹ میچ کے دوران شام کو بھی وہ اگلے روز کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کیے رہتے ہیں۔