لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس سال امارات میں ہونے والی ٹی10 لیگ میں بھی کپتانی کرتے دکھائی دیں گے، وہ بنگال ٹائیگرز کے لئے بطور قائد میدان میں اتریں گے۔ اس طرح وہ ممکنہ طور پر دنیا کے پہلے کرکٹر بن سکتے ہیں جو چاروں فارمیٹس میں قیادت کریں گے۔سرفراز احمد دسمبر میں یواے ای میں شیڈول ٹی 10
کرکٹ لیگ میں بنگال ٹائیگرز کی قیادت سنبھالیں گے۔بنگال ٹائیگرز کے مالک نے میڈیا کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سرفراز احمد ہماری ٹیم کی قیادت کریں اور اب انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی فخر محسوس ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن لیگ کی کامیابی کا فیصلہ کرے گا ۔اگر ہم اس میں پوری طرح کامیاب ہو جاتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ اگلا ایڈیشن زبردست ہو گا۔ جس طرح فلموں کیلئے پہلا ہفتہ کامیابی کا فیصلہ کرتا ہے یہ بالکل ایسا ہی ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں بہت پر اعتماد ہوں کہ یہ لیگ ایک بڑی کامیابی ثابت ہو گی۔ کیونکہ یہ تیز ترین کرکٹ کو متعارف کرائے گی ۔یہ لیگ مختصر فارمیٹس کی کرکٹ میں زیادہ مقبولیت حاصل کرے گی۔ایونٹ میں شامل کیرالہ کنگ کے مالک کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ انگلینڈ کی محدود اوورز کے کپتان ایون مورگن میری ٹیم میں شامل ہیں ۔وہ بین الاقوامی شہرت یافتہ پلیئر ہیں۔ محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔