پونا(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتیوں کا جنٹلمین گیم کے ساتھ ایک اور کھلواڑ سامنے آ گیا، میچ اور سپاٹ فکسنگ کے بعد اب پچ فکسنگ کا بھی انکشاف بھی ہوا ہے ، کیوریٹرز بکیز کی مرضی کی وکٹیں بنانے کا دھندہ کرنے لگے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن نے بھارتی کرکٹ میں کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ پچ برائے فروخت کے ذریعے بھارت میں کرکٹ فکسنگ کا نیا طریقہ ایجاد کر لیا گیا ۔بھارت اور نیوزی لینڈ کے دوسرے ون ڈے سے پہلے پونے اسٹیڈیم کے پچ کیوریٹر پنڈو رنگ نے بکی کو پچ کا معائنہ کروا دیا ۔ مرضی کی پچ بنانے پر بھی آمادگی ظاہر کی ، پچ فاسٹ بالرز کو مدد کرے گی ، کیوریٹر نے بکی کے روپ میں صحافی کو سب کچھ بتا دیا ، کیوریٹر نے مستقبل میں بھی بکی کی مرضی کی پچ تیار کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن نے نہ صرف پچ فکسنگ کا بھانڈا پھوڑا بلکہ کرپشن میں لت پت بھارتی کرکٹ کو بھی بے نقاب کر دیا ۔بی سی سی آئی نے کیوریٹر کو برطرف کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں ۔ تین میچز کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کو بھارت کے خلاف 0-1کی برتری حاصل ہے ۔ دوسرا ون ڈے پونے میں کھیلا جا رہا ہے ۔ پنڈو رنگ نے گفتگو کے دوران بکی کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ پچ اس کی مرضی کے مطابق تیار کی جائے گی ۔ بی سی سی آئی نے خفیہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے کی مکمل تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔