سڈنی (این این آئی)سابق متنازع آسٹریلوی کرکٹ امپائر ڈیرل ہیئر ایک اسٹور میں چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، مقامی عدالت میں انہوں نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سابق امپائر ڈیرل ہیئر چوری کے مرتکب پائے گئے ہیں جنہوں نے مقامی عدالت میں نہ صرف اعتراف جرم کیا بلکہ معافی نامہ بھی جمع کرادیا۔سابق امپائر ڈیرل ہیئر نے
اسٹور کے مالک کو 9 ہزار آسٹریلوی ڈالرز واپس کئے اور عدالت میں 18 ماہ کیلئے اچھے رویے کا بانڈ بھی جمع کرایا ٗڈیرل ہیئر 1992 سے 2008 کے دوران 78 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔خیال رہے کہ آسٹریلوی امپائر ڈیرل ہیئر نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان ٹیم پر
بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا تھا جس کے بعد کپتان انضمام الحق ٹیم کو لے کر گرائونڈ سے باہر چلے گئے تھے ٗامپائر کی جانب سے نامناسب الزامات پر جب قومی ٹیم گرائونڈ میں واپس نہ آئی تو میزبان انگلینڈ کو میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔ڈیرل ہیئر کو نسلی امتیازی سلوک کے باعث آئی سی سی ٹیسٹ پینل سے معطل بھی کردیا گیا تھا۔