لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ سے مذاکرات کرنا بہترہوگا کیونکہ کیس کرنے سے وہ ناراض ہوچکے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا تھا کہ
معاہدے کے مطابق پاک بھارت سیریز حکومتی رضامندی سے مشروط ہے اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کیس کمزور ہے اور قانونی جنگ جیتنا مشکل ہے جبکہ بھارت کیس کرنے کی وجہ سے پہلے ہی ناراض ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ سے مذاکرات کرنا ہی بہتر ہے اور بات چیت کے ذریعے ہی سیریز کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اگر دونوں بورڈز کے تعلقات خوشگوار ہوگئے تو پاک بھارت سیریز ہونے کے امکانات بھی روشن ہوجائیں گے۔شہریار خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں گی اس پر بہت وقت اور محنت درکار ہے، سری لنکن ٹیم کو پاکستان بلانے کے لئے بھی بہت محنت کی اگر ان کے معروف کھلاڑی بھی لاہور آکر میچز میں حصہ لیں تو بہت اچھا ہوگا تاہم سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔