لاہور(این این آئی)آئی سی سی ورلڈالیون اور پاکستان کے مابین آزادی کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں آکرٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کی حامی بھرلی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس ملنے پر ایک ٹی ٹونٹی میچ پاکستان میں ہوگا۔ شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ 28ستمبر سے 2اکتوبر تک ابو ظہبی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جو کہ 6سے 10اکتوبر تک دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 13اکتوبر کو دبئی ، دوسرا 16اکتوبر کو ابو ظہبی ، تیسرا 18اکتوبر کو ابو ظہبی، چوتھا 20اکتوبر کو شارجہ اور پانچواں بھی 23اکتوبر کو شارجہ میں ہی کھیلا جائے گا ۔ اس طرح پہلا ٹی ٹونٹی میچ 26اکتوبر کو اور دوسرا 27اکتوبر کو ابو ظہبی اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کی صورت میں 29اکتوبر کو لاہور کھیلا جائے گا ۔ دوسری جانف سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کی مدد کرنی ہے اور برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے،سری لنکا کی جانب سے ورلڈ الیون کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور اس ٹیم میں منتخب ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تھیسارا پریرا کا کہنا تھا کہ انہوں نے دبئی روانگی کی تیاری کرلی ہے جہاں وہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ہمراہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے انگلینڈ میں جاری ٹی ٹونٹی لیگ نیٹ ویسٹ بلاسٹ کے دوران ان سے رابطہ کیا، جس کے بعد سے وہ اس سیریز کے لیے بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔سری لنکن آل راؤنڈر نے کہا کہ ابتدا میں میرے گھر والے خوفزدہ تھے تاہم میں نے انہیں کہا کہ پاکستان ایشیائی ہمسایہ ملک ہے، لہذا ہمیں ان کی مدد کرنی ہے اور برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔
تھیسارا پریرا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور اس موقع کو وہ اپنے ہاتھوں سے جانے نہیں دیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے 2009ء میں پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں سے مشاورت بھی کی اور حیران کن طور پر کسی بھی کھلاڑی نے انہیں پاکستان جانے سے نہیں روکا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں سری لنکا کی جانب سے ورلڈ الیون کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور اس ٹیم میں منتخب ہونا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔



















































