اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے غلط ای چالان موصول ہونے والے شہریوں کی سہولت کے لیے نیا آن لائن ریویو سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
اس اقدام کے تحت اب شہری گھر بیٹھے اپنے ای چالان پر اعتراض درج کرا سکیں گے، اور اگر شکایت درست ثابت ہوئی تو چالان 24 گھنٹوں کے اندر ختم کر دیا جائے گا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق غلط ای چالان کی صورت میں شہری اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر لاگ اِن کر کے ریویو کے آپشن کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ متعلقہ ثبوت یا دیگر شواہد بھی اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا تاکہ معاملے کی درست جانچ کی جا سکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ ریکارڈ اور فراہم کردہ شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اگر تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہو جائے کہ ای چالان غلطی سے جاری کیا گیا تھا تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس سہولت کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں اور صرف ایسے معاملات میں ریویو کی درخواست دیں جہاں واقعی غلط ای چالان جاری ہوا ہو۔ اس سے نظام کی شفافیت برقرار رکھنے اور حقیقی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق اس آن لائن نظام کا بنیادی مقصد شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے بچانا، شکایات کے حل کے عمل کو تیز کرنا اور ای چالان کے نظام پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اگر کسی شہری کو اپنے نام پر جاری ہونے والے ای چالان پر اعتراض ہو اور وہ اسے غلط سمجھتا ہو، تو وہ فوری طور پر آن لائن ریویو کی درخواست جمع کرا کے مطلوبہ دستاویزات اور شواہد فراہم کر سکتا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام اس معاملے کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔



















































