اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں رنگ لائیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کی پاکستان آمد میں کچھ ہفتے رہ گئے ہیں جس میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ زیادہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حصہ لیں گے اور اس بات کی وضاحت کرکٹ بورڈ جنوبی افریقہ کے صدر ہارون لورگٹ نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ الیون میں ان کے ملک کی جانب سے ہاشم آملہ، فاف ڈوپلیسی،
مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر اور عمران طاہر پاکستان جائیں گے اس موقع پر انہوں نے یہ حیران کن بات بتائی کہ جنوبی افریقن کھلاڑی پاکستان اپنی مرضی سے آ رہے ہیں اور انہوں نے خوشی سے اس دورے کو قبول کیا ہے۔ یہ بات کرکٹ بورڈ جنوبی افریقہ کے صدر نے کیپ ٹاؤن میں پاکستانی جرنلسٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارا تجربہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اچھا رہا ہے اور اسی چیز نے جنوبی افریقن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر مجبور کیا کیونکہ کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ ایسے موقع پر پاکستان کے کام آنا چاہئے جبکہ کئی دوسرے ممالک کے کھلاڑی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان آنے سے گریز کر رہے ہیں۔ ہارون لورگٹ نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کے اس فیصلے کی قدر اور حمایت کرتے ہیں اور ہمارے پاکستان بورڈ کے ساتھ تعلقات ایسے ہی ہیں جیسے دوسرے ممالک کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ۔ جب ان سے صحافیوں نے جنوبی افریقن ٹیم کے دورہ پاکستان کی بابت سوال پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ ورلڈ الیون کے دورے سے امید کرتے ہیں کہ اعتماد بحال ہوں گے اور ممکن ہے کہ وہ وقت جلد آئے گا جب ہم جنوبی افریقن ٹیم کو باقاعدہ پاکستان دورے پر بھیجیں گے۔